سابق وزیراعظم نواز شریف نے سپریم کورٹ کے پاناما کیس فیصلے کےخلاف 3 نظرثانی اپیلیں دائر کردیں۔
سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے تین مختلف اپیلیں دائر کی گئی ہیں جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ جب تک نظرثانی اپیلوں کا فیصلہ نہ ہوجائے اس وقت تک سپریم کورٹ کے 5 رکنی فیصلے پر عملدرآمد کو روکا جائے۔
پاناما کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید درخواست گزار تھے۔
سابق وزیراعظم کیس میں تین درخواستوں کے باعث تین الگ الگ نظرثانی اپیلیں کیں۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے 5 رکنی بینچ نے 28 جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے میاں نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے لئے نااہل قرار دیتے ہوئے شریف فیملی کا کیس نیب بھیج دیا تھا۔
خبر: جنگ