رپورٹ: سید سبطین شاہ
ناروے کے دالحکومت اوسلو میں جشن آزادی پاکستان کے حوالے سے باوقار اور مشترکہ تقریب ’’اکے برگ‘‘ کے سرسبز میدان میں معنقد ہوئی۔
اس بار یہ پروگرام نارویجن پاکستانی کی مختلف تنظیموں نے چودہ اگست کے دن مل کر ترتیب دیا اور اس سلسلے میں انہیں ۔ ناروے میں پاکستان کے سفارتخانے کا مکمل تعاون حاصل تھا۔
اس سے قبل بھی ناروے میں یوم پاکستان منایاجاتارہاہے لیکن چودہ اگست کے روز سفارتخانے میں پرچم کشائی کے ساتھ اسی دن اوسلو شہر میں مختلف پاکستانی تنظیموں کے زیراہتمام متعدد تقاریب منعقد ہوتی تھیں۔ اس بار اوسلو میں چودہ اگست کو صرف ایک تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام اللہ سے ہوا جس کی سعادت مرکزی جماعت اہل سنت کے امام جماعت قاری محمود الحسن نے حاصل کی۔
س سے قبل، بچوں کی پریڈ ہوئی جس کی قیادت ناروے میں پاکستان کی سفیر رفعت مسعود، ناروے میں پاکستان کے اعزازی قونصلر برائے سرمایہ کاری راجہ ناصر حسین، اوسلو سٹی پارلیمنٹ کے رکن ڈاکٹرمبشر بنارس، نارویجن پاکستانی سیاستدان عامر شیخ، بزرگ پاکستانی صوفی انور، پاکستان یونین ناروے کے سیکرٹری اطلاعات ملک پرویز اور پاک۔ ناروے فورم کے صدر چوہدری اسماعیل سرور نے کی۔
ان شخصیات سے اگلی رو میں پاکستانی لباس میں گھڑسوار اور ان سے آگے کچھ نوجوان پاکستان کےروایتی لباس میں ملبوس تھے۔ پریڈ میں شریک بچوں کو منظم کرنے اور نعرہ بازی کے ذریعے انہیں فعال کرنے میں نارویجن پاکستانی شخصیت حاجی اکرم نے اہم کردار ادا کیا۔
تقریب کے دوران پاکستانی اور نارویجن ترانے بجائے گئے اور بچوں نے پاکستان کے بارے میں تقاریر کیں۔ تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ خوشگوار موسم نے تقریب کا لطف دوبالا کردیاتھا۔
ادبی تنظیم دریچہ کے ڈاکٹرسید ندیم حسین اور محمد ادریس نے پاکستان کے بارے میں عقیدت کے اظہارکے لیے اپنا کلام پیش کیا۔
سفارتخانہ پاکستان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ابرارحسین نے صدر اور وزیرپاکستان کے پیغامات پڑھ کرسنائے۔
سفیر پاکستان محترمہ رفعت مسعود نے اپنے خطاب میں اس تقریب کے انعقاد کے سلسلے میں تعاون پر نارویجن پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے خصوصی طور پر پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال اور دیگر تنظیموں کے چوہدری ریاض، سلطان اعوان اور عامر شیخ کا ذکر کیا۔
انھوں نے کہاکہ چودہ اگست کا دن ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتاہے جو پاکستان کے لیے بانیاں پاکستان اور تحریک پاکستان کے کارکنوں اور برصغیر کے عام مسلمانوں نے قائداعظم کی قیادت میں اس ملک کے حصول کے لیے دیں جس پر آج ہمیں فخر ہے۔
سفیر پاکستان نے ناروے میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں پوری کرنے والے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ابرارحسین کی خدمات کو بھی سراہا۔
تقریب سے نارویجن سیاستدانوں گورنرمیئر ریمونڈ جوہانسن، وزیربرائے مقامی حکومت و ترقی جان تورے ستانر، پاکستانی سیاستدانون عامر شیخ اور راجہ عابد نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر نیزہ بازی اور کبڈی بھی ہوئی اور کرکٹ میچ بھی کھیلا گیا اور آخر میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب کے آخری مرحلے میں پاکستانی گلوکار شہزاد رائے نے لوگوں کو اپنے فن سے محظوظ کیا۔