یوم پاکستان کی مناسبت سے میلان میں پرچم کشائی، استقبالیہ و افطار ڈنر

Loading

This slideshow requires JavaScript.

میلان، 23 مارچ 2025 – قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، میلان کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے سلسلے میں پرچم کشائی کی تقریب 23 مارچ کی صبح منعقد ہوئی۔ اس کے علاوہ، مقامی ہوٹل میں شاندار استقبالیہ دیا گیا اور افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ استقبالیہ تقریب میں معزز شخصیات، اطالوی حکام، سفارت کاروں، کاروباری رہنماؤں اور پاکستانی کمیونٹی کے نمایاں افراد نے شرکت کی۔
میلان کی سٹی کونسلر محترمہ ڈائنا مارکی مہمانِ خصوصی تھیں، جنہوں نے شہر کی انتظامیہ کی جانب سے پاکستان کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور باہمی ثقافتی تعاون کے تسلسل پر زور دیا۔ اطالوی پروفیسر لوکا اولیویئر نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان 70 سالہ آثار قدیمہ اور تحفظاتی شعبوں میں تعاون پر مبارکباد دیتے ہوئے اطالوی آثار قدیمہ مشن کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
قونصل جنرل محترمہ اقصی نواز نے اپنے خطاب میں یوم پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے 23 مارچ 1940 کی قرارداد کا ذکر کیا جو قیام پاکستان کی بنیاد بنی۔ انہوں نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ پر زور دیتے ہوئے اطالوی معاشرے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔
دریں اثنا، قونصلیٹ میں پرچم کشائی کی پُروقار تقریب میں نمایاں پاکستانی شخصیات اور اطالوی حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستانی قیادت کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جن میں ملک کی ترقی، امن اور خوشحالی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستانی بچوں نے خوبصورت ثقافتی پرفارمنس پیش کی، جس کے بعد یوم پاکستان کا خصوصی کیک کاٹا گیا۔

 

Recommended For You