پی ٹی آئی رہنماء سینیٹر ہمایوں مہمندنے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے آئندہ کوئی جلسہ منسوخ نہ کرنے کی وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی بات آخری بار مان رہے ۔میڈیا کے مطابق پی ٹی آئی رہنماء سینیٹر ہمایوں مہمندکا کہنا ہے کہ انتظار پنجوتھہ کا میسج آیا کہ آپ کے نام کی اجازت مل گئی ہے، انتظار پنجوتھہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل آجائیں، انتظار پنجوتھہ کو اجازت کے باوجود اڈیالہ جیل کے اندر نہیں جانے دیا گیا۔
بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا کہ حکومت کو میری طرف سے فائنل وارننگ دے دو،حکومت کی بات آخری بار مان رہے ہیں، اس کے بعد کوئی جلسہ منسوخ نہیں کریں گے۔ آج کا جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ عمران خان نے خود کیا، بانی پی ٹی آئی کو جو معلومات دی گئیں اس بنیاد پر انہوں نے جلسہ منسوخ کیا۔
اسی طرح قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ میں کسی وقت بھی گرفتار ہو سکتا ہوں۔
عمر ایوب نے یہ بات امین الحق کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ میری عدالت میں پیشی ہے اور میں وہ پیشی چھوڑ کر یہاں آیا ہوں کیونکہ آج قومی نوعیت کا معاملہ زیرِ غور ہے۔ وزیرِ مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ اور چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن بھی اس اجلاس میں شریک تھے۔
عمر ایوب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اطلاعات ہیں کہ حکومت جلسے کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی سازش کررہی ہے، بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر اسلام آباد جلسے کی تاریخ تبدیل کی ہے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پورانے کہا ہے کہ عمران خان نے ایک بار پھر آئین و قانون کی پاسداری کی ہے، بانی پی ٹی آئی تصادم نہیں چاہتے،عمران خان جب چاہیں گے جلسہ ہو جائیگا،بانی پی ٹی آئی نے حکم دیا ہے کہ ترنول کے مقام پر جلسہ نہیں کرنا،صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختو نخواہ کا مزید کہنا تھا کہ 8ستمبر کو اسلام آباد میں جلسہ کرینگے۔
بانی پی ٹی آئی انتشار نہیں چاہتے ۔ہم ملک میں آئین و قانون کی سربلندی چاہتے ہیں ۔این او سی منسوخ ہونے کے باوجود آج جلسہ کرنا تھا۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ رک جاو تو ہم رک گئے، انہوں نے حکم دیا کہ 8 ستمبر کو جلسہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین و قانون پر عمل درآمد کرنا ہم سب پر فرض ہے۔ہم جمہوری جماعت ہیں اور جمہوری سوچ رکھتے ہیں۔بانی پی ٹی آئی نے کارکنوں کے نام پیغام دیاہے کہ وہ 8ستمبر کو ہونے والے جلسے کی بھرپور تیاری کریں اور عوام کو اسلام آباد جلسے کیلئے گھروں سے نکلنے کی ہدایات کریں۔
ہم کسی بھی قسم کا تصادم نہیں چاہتے ہمیں اطلاعات ملی تھیں کہ مذہبی جماعت بھی اسلام آباد میں مظاہرہ کر رہی ہے اس لئے بانی پی ٹی آئی نے ترنول میں ہونے والے جلسے کو فوری طور پر منسوخ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔